
پتوکی کی نواب سویٹس میں شارٹ سرکٹ سے خوفناک آگ، ریسکیو اداروں اور رضاکاروں کی بروقت کارروائی
پتوکی: پتوکی شہر کی معروف اور قدیمی دکان نواب سویٹس میں مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دکان کا تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور میونسپل کمیٹی کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائی شروع کردی۔
آگ پر قابو پانے کے لیے ستھرا پنجاب کی جیٹ مشینوں کا بھی استعمال کیا گیا، جبکہ سٹار فٹنس کلب اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے بھی امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پتوکی بھی موقع پر موجود رہے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے ساتھ امدادی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
بروقت کارروائی کے باعث آگ کو آس پاس کی مارکیٹ تک پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی اور ایک بڑے ممکنہ نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
پتوکی کے شہریوں کی جانب سے ریسکیو اداروں، سرکاری عملے اور رضاکاروں کی بروقت کارروائی اور خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔
