
گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج قصور میں یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے سیمینار، واک اور مقابلہ جات کا انعقاد
قصور: گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج قصور میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں سیمینار، آگاہی واک اور طلبہ و طالبات کے درمیان مضمون نویسی اور تقریری مقابلے شامل تھے۔
تقریب میں لیفٹیننٹ کرنل (ر) غلام مرتضیٰ شاہ نے خصوصی شرکت کی، جبکہ سیمینار سے پروفیسر محمد افضل (صدر شعبہ اسلامیات)، ڈاکٹر غفور احمد (شعبہ اردو)، پروفیسر غلام محی الدین (شعبہ سیاسیات)، لیفٹیننٹ کرنل (ر) غلام مرتضیٰ شاہ اور پرنسپل پروفیسر ملک اصغر علی خان نے خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت پروفیسر ڈاکٹر لطیف اشعر نے انجام دی۔
مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، استحصال کی تاریخ، بھارتی اقدامات اور موجودہ حالات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور بھارتی جبر و غیر انسانی اقدامات کی مذمت کی۔
سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جبکہ طلبہ و طالبات میں مسئلہ کشمیر، جاری ظلم و جبر اور تحریکِ آزادی کشمیر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مضمون نویسی اور تقریری مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔
