
سلیم ٹاؤن کی سیوریج کا مسئلہ حل نہ ہونے پر شہری محمد اعظم کی ضلعی انتظامیہ اور واسا پر تنقید
قصور: قصور کے رہائشی محمد اعظم نے سلیم ٹاؤن میں سیوریج کے مسئلے پر ضلعی انتظامیہ اور واسا قصور کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک تنقیدی پوسٹ شیئر کی ہے، جس کے ساتھ انہوں نے مبینہ طور پر شکایت سے متعلق اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے ہیں۔
اپنی پوسٹ میں محمد اعظم نے لکھا کہ:
“ڈپٹی کمشنر قصور اور واسا قصور نے فیس بک پر ایسا تاثر دیا ہوا ہے جیسے قصور یورپ بن گیا ہو، مگر حقیقت یہ ہے کہ 14 گھنٹے قبل کی جانے والی شکایت کا ازالہ ابھی تک نہیں کیا جا سکا۔ سلیم ٹاؤن قصور کی تمام سیوریج لائن مکمل بلاک ہو چکی ہے اور ڈی سلٹنگ کا عمل ابھی تک شروع نہیں کیا گیا۔”
شہری کی جانب سے کی گئی اس پوسٹ کے بعد سلیم ٹاؤن میں سیوریج کے مسئلے اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوشل میڈیا پر بھی مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر قصور اور واسا قصور کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔ سرکاری مؤقف موصول ہونے پر اسے بھی خبر میں شامل کیا جائے گا۔
