
پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی سے مختلف حادثات، 8 افراد جاں بحق، 37 زخمی
لاہور: پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش اور تیز آندھی کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں، چھتیں اور دیگر کمزور ڈھانچے گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں شہریوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
ترجمان نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں بارش کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے کے 8 مختلف واقعات پیش آئے، جن میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران خستہ حال عمارتوں، کچی دیواروں، کمزور چھتوں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
