
50 ملی میٹر بارش کے باوجود دو گھنٹوں میں پانی کا انخلا، ڈی سی قصور کی نگرانی میں آپریشن مکمل
قصور: ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے حالیہ بارش کے دوران خود فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے آپریشن کی مسلسل نگرانی کی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مؤثر منصوبہ بندی، بروقت اقدامات اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے 50 ملی میٹر بارش کے باوجود شہر اور نشیبی علاقوں سے تقریباً دو گھنٹوں میں بارشی پانی کا انخلا یقینی بنایا گیا، جس کے بعد معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارش سے قبل واسا کی جانب سے نالوں کی صفائی، ڈی سلٹنگ، مرکزی ڈرینج سسٹم کی بحالی اور ضروری مشینری کی پیشگی تعیناتی مکمل کر لی گئی تھی، جس کے باعث بارش کے دوران نکاسی آب کا عمل مؤثر انداز میں جاری رہا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور میونسپل کمیٹی کی مشترکہ کاوشوں سے بارشی پانی کو بروقت نکال کر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی گئی اور مختلف علاقوں میں صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جاتا رہا۔
