
رشوت لینے کی مبینہ ویڈیو وائرل، ڈی پی او قصور کا فوری ایکشن، ٹریفک اہلکار معطل
قصور: سوشل میڈیا پر دورانِ ڈیوٹی ایک ٹریفک اہلکار کی مبینہ طور پر رشوت وصول کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اہلکار کو معطل کرکے کلوز لائن کر دیا۔
قصور پولیس کے مطابق ویڈیو میں دکھائی دینے والے ٹریفک اہلکار کے خلاف شفاف اور میرٹ پر انکوائری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن محمد ضیاء الحق کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس میں کرپشن، بدعنوانی اور رشوت ستانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر کوئی اہلکار قصوروار پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کے حوالے سے بعض صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ناکے پر گزرنے والے مسافروں سے مبینہ طور پر بلاوجہ رقم وصول کی جاتی تھی۔ تاہم ان الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب مبینہ طور پر ویڈیو میں نظر آنے والے سب انسپکٹر رشید احمد سے منسوب بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا، “مجھے یاد نہیں کہ میں نے رشوت لی ہے یا نہیں۔” اس بیان اور دیگر الزامات کی تصدیق انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گی۔
