
Kasur Smog Alert as Pollution from Indian Punjab Raises Concerns
قصور اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں فضائی آلودگی کی شدت بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے محکمہ تحفظِ ماحولیات کی خصوصی رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں آلودہ ہواؤں کے ذریعے پاکستانی علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے، جس سے قصور میں سموگ کی صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے پنجاب اور ہریانہ میں فضائی آلودگی کی تہہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بھارتی پنجاب سے چلنے والی مشرقی ہوائیں 7 سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پاکستان کی جانب آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آتش بازی، فصلوں کی باقیات جلانے اور رات کے وقت ہواؤں کی کم رفتار کے باعث فضائی آلودگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق 4 نومبر تک بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 2 ہزار 347 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 1 ہزار 81 واقعات لاہور اور قصور کے سامنے واقع تین اضلاع ترن تارن، فیروزپور اور امرتسر میں پیش آئے۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آلودگی کی شدت پیر کی صبح تک زیادہ رہ سکتی ہے، جبکہ رات کے وقت صورتحال دوبارہ خراب ہونے کا امکان ہے۔ انتہائی مضرِ صحت فضائی حالات منگل تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ 11 نومبر سے ہوا کا رخ تبدیل ہونے پر کچھ بہتری متوقع ہے، جبکہ 12 اور 13 نومبر کو بارش اور تیز ہوائیں فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بن سکتی ہیں۔
محکمہ تحفظِ ماحولیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آلودگی کی شدت کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ضرورت پڑنے پر این 95 ماسک استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں سمیت سانس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد خصوصی احتیاط کریں۔
