Search Continues for Woman Who Jumped into Canal in Pattoki
قصور: پتوکی کے علاقے ججہ کلاں میں گھریلو جھگڑے کے بعد 33 سالہ خاتون لوئر باری لنک کینال میں کود گئی، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق خاتون کی شناخت مریم دختر جمال دین کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے گاڑیوں KSA-04 اور KSR-02 کے ذریعے موقع پر پہنچ کر تلاش کا عمل شروع کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق پہلے روز تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کے علاقے میں سکوبا ڈائیونگ اور کشتیوں کی مدد سے تلاش کی گئی، تاہم خاتون کا سراغ نہ مل سکا۔
ریسکیو کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق نہر کی چوڑائی تقریباً 100 میٹر، گہرائی 15 فٹ جبکہ پانی کا بہاؤ 8 ہزار کیوسک ہے۔
دوسرے روز سرچ آپریشن میں 16 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں، جن میں 4 تیراک اور 3 غوطہ خور شامل ہیں۔ آپریشن انسیڈنٹ کمانڈر راشد تراب کی نگرانی میں جاری ہے۔
ریسکیو ٹیمیں خاتون کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
