
11-Year-Old Boy Found Dead in Hussain Khanwala, Police Investigate
قصور: تھانہ گنڈا سنگھ کی حدود حسین خانوالا میں 11 سالہ بچے کی لاش کماد کے کھیت سے برآمد ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس نے قتل کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کے فار قصور کی جانب سے متعلقہ ایس ایچ او سے رابطہ کرکے واقعے کی تصدیق کی گئی۔ پولیس سے حاصل ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، جبکہ اس کی لاش دوپہر کے وقت کماد کے کھیت سے ملی۔
واضح رہے کہ واقعے کے حوالے سے ابتدائی خبر میں بچے کے ساتھ مبینہ زیادتی کا ذکر بھی کیا گیا تھا، تاہم متعلقہ ایس ایچ او کے مطابق اب تک ایسا کوئی شواہد یا معاملہ سامنے نہیں آیا جس سے زیادتی کی تصدیق ہو سکے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قتل کے محرکات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کی تحقیقات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔
