
Kasur Media Meeting on Female Voter Registration
قصور (23 اکتوبر 2026ء): ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس قصور میں خواتین کے شناختی کارڈ (CNIC) اور ووٹر رجسٹریشن کے فروغ کے لیے فیمیل جینڈر گیپ پائلٹ پراجیکٹ (Female Gender Gap Pilot Project) کے حوالے سے ایک میڈیا میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں الیکٹرانک میڈیا، مقامی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا پیجز کے منتظمین نے شرکت کی۔
میٹنگ کے شرکاء کو منصوبے کے مقاصد اور اہل خواتین کو شناختی کارڈ بنوانے اور ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ ہونے کی ترغیب دینے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ میڈیا نمائندگان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ضلع بھر میں عوامی آگاہی مہم کی کامیابی کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر قصور میں تعینات ہونے والے خالد رشید سے بھی تعارفی ملاقات کی گئی۔ میٹنگ میں کے فار قصور کے فہد الہواری، مقامی ڈیجیٹل صحافی مقصود سرور کیفی، امجد نذیر، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس سے محبوب اشرف سمیت دیگر سوشل میڈیا کریئیٹرز نے شرکت کی۔ شرکاء نے خواتین کی شناختی دستاویزات اور ووٹر رجسٹریشن سے متعلق آگاہی بڑھانے اور انتخابی عمل میں خواتین کی شمولیت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
