
عمران خان ڈیل کے لیے تیار نہیں، مفاہمت کا پیغام لے کر جانے والے شخص کو سخت جواب دیا: حامد میر
اسلام آباد: سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق مفاہمت کی اطلاعات پر اہم گفتگو کی ہے۔
میزبان سعید قاضی سے گفتگو کے دوران حامد میر نے کہا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں واقع ہے اور انہیں مختلف ذرائع سے وہاں کی صورتحال سے متعلق معلومات ملتی رہتی ہیں۔
حامد میر کے مطابق ایک یا دو نہیں بلکہ تین سے چار افراد عمران خان کے پاس مفاہمت کا پیغام لے کر گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والا ایک شخص بھی شامل تھا، جس نے بعد ازاں خود انہیں بتایا کہ اس نے عمران خان کے سامنے مفاہمت کی بات رکھی تو انہیں سخت جواب ملا۔
سینئر صحافی کے مطابق مذکورہ شخص کی جانب سے مفاہمت کی بات کیے جانے پر عمران خان نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ کسی ڈیل کے ذریعے ملک سے باہر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
حامد میر نے عمران خان سے منسوب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام یہ تھا کہ “یہاں سے میری ڈیڈ باڈی نکل سکتی ہے، لیکن تم یہ نہ سوچنا کہ میں نواز شریف کی طرح ڈیل کرکے پاکستان سے باہر چلا جاؤں گا۔ میں نے ڈیل نہیں کرنی، ہاں مروا دینا ہے تو مروا دو۔”
حامد میر نے واضح کیا کہ عمران خان کا یہ ردعمل سیاسی ہے یا غیر سیاسی، یہ الگ بحث ہے، تاہم ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں عمران خان کسی ڈیل کے لیے تیار نظر نہیں آتے۔
واضح رہے کہ یہ معلومات حامد میر کی جانب سے پروگرام میں بیان کردہ دعوے اور ان کے ذرائع سے منسوب ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق اس خبر میں نہیں کی گئی۔
