
قصور: جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 گرفتار، منشیات اور زہریلی شراب برآمد
قصور: ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر بی ڈویژن پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او بی ڈویژن عظیم حفیظ نے ٹیم کے ہمراہ بی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران منشیات فروشی اور قماربازی میں مبینہ طور پر ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے 2 کلوگرام سے زائد چرس، 30 لیٹر زہریلی شراب اور داؤ پر لگی ہزاروں روپے کی رقم برآمد ہوئی۔
گرفتار افراد کے خلاف امتناعِ منشیات اور قماربازی کی دفعات کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ڈی پی او آفتاب احمد پھلروان کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں جرائم کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
